نئی دہلی، 31؍جنوری(ایس اونیوزآئی این ایس انڈیا )صدر پرنب مکھرجی نے آزاد ہندوستان میں پہلی بار بجٹ سیشن کو وقت سے پہلے طلب کرنے اور اس کے ساتھ ہی ریل بجٹ کوعام بجٹ کے ساتھ شامل کرنے کا ذکر کرتے ہوئے آج کہا کہ جمہوریت کے اس جشن کے اقدار اور ثقافت ملک کی طویل تاریخ کے ہر دور میں پھلتی پھولتی ہیں۔ان کی تقریر کا آغاز اور اختتام ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس ‘کے جملہ سے ہوا ۔بجٹ سیشن کے پہلے دن پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہاکہ یہ ایک تاریخی مشترکہ اجلاس ہے جس میں آزاد ہندوستان میں پہلی بار بجٹ سیشن کے مقررہ وقت کو اس سال آگے کیا گیاہے اور عام بجٹ کے ساتھ ریل بجٹ کو شامل کیا جا رہا ہے۔مکھرجی نے کہاکہ ہم ایک ایسی جمہوریت کے جشن کے لیے پھر سے اکٹھا ہوئے ہیں جس کے اقدار اور ثقافت اس ملک کی طویل تاریخ کے ہر دور میں پھلتی پھولتی ہیں۔واقعی میں اسی ثقافت نے میری حکومت کی ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس ‘کی طرف حوصلہ افزائی کی ۔صدر نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ آج ہم یہاں ا س لیے جمع ہوئے ہیں تاکہ ہم اپنے ہم وطنوں، خاص طورپر غریب شہریوں کی طرف سے پارلیمنٹ جیسے مقدس ادارے کے تئیں ظاہرکئے گئے اعتماد کو برقرار رکھ سکیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارا ہر قدم جمہوریت کے اس مندر میں ملک کی تعمیر کے لیے دی گئی بے شمار قربانیوں کی ویدی میں قربان ہوں گی، ہم سب مل کر’سب کا ساتھ، سب کا وکاس ‘کے جذبے سے معمور ہوکر ایسے مستقبل کی تعمیر کریں جس سے سب کو آئین کے ذریعہ فراہم کئے گئے مساوات اور وقارکا حق حاصل ہو سکے۔